بین الاقوامی

منیر اکرام تیسری باراقوام متحدہ میں مستقل مندوب مقرر

چوہتر سالہ منیر اکرم 2002سے لیکر2008تک چھ سال تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہے جبکہ 67سالہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی جو کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی پہلی خاتون مستقل مندوب تھیں

اسلام آباد (اردو نیوز )حکومتِ پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ منیر اکرم کو مستقبل مندوب تعینات کردیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی دفتر خارجہ نے مختلف ممالک میں تعینات سفیروں اور قونصل جنرلز کے بھی تقرر اور تبادلے کیے ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور دورہ امریکہ سے وطن واپسی پر اقوام متحدہ سمیت دنیا کے اہم ممالک میں اہم سفارتی تعیناتیاں کی گئی ہیں ۔74سالہ منیر اکرم 2002سے لیکر2008تک چھ سال تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہے جبکہ 67سالہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی جو کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی پہلی خاتون مستقل مندوب تھیں ، اقوام متحدہ سے پہلے واشنگٹن اور لندن میں پاکستان کے سفیر اور ہائی کمشنر کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دیں ۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وزارتِ خارجہ میں نئی تعیناتیوں کی منظوری دی ہے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل برائے اقوامِ متحدہ خلیل احمد ہاشمی کو جنیوا میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز کو ہنگری، احسن کے کے کو مسقط اور سید سجاد حیدر کو کویت میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے ٹورنٹو میں تعینات قونصلر جنرل عمران احمد صدیقی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ڈھاکہ میں ہائی کمشنر مقرر کر دیا جب کہ ا±ن کی جگہ عبدالحمید کو پاکستانی سفارت خانے میں قونصل جنرل تعینات کیا ہے۔
میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک سری لنکا میں ہائی کمشنر بن گئے جب کہ ابرار حسین ہاشمی کو امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد مختلف سابق سفارت کاروں نے انہیں بہترین سفارت کار قرار دیا ہے۔تجزیہ کار نجم رفیق کہتے ہیں کہ ملیحہ لودھی کو ان کی تعیناتی کا وقت مکمل ہونے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔ ان کے بقول ملیحہ لودھی کو بہترین سفارت کار مانا جاتا ہے اور ان کی جگہ منیر اکرم کو لانا معمول کی بات ہے۔
ملیحہ لودھی پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ بعض افراد نے ان کی تعریف بھی کی ہے۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں ملیحہ لودھی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے بہت بااعتماد اور قابلِ احترام انداز میں ملک کی نمائندگی کی۔
اقوامِ متحدہ میں تعینات ہونے والے نئے مستقل مندوب منیر اکرم سابق صدر پرویز مشرف کے دورِ حکومت 2002 سے 2008 تک اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد اقوامِ متحدہ سے ان کے قتل کی تحقیقات سے متعلق بعض امور پر منیر اکرم کے پیپلز پارٹی کی حکومت سے مبینہ طور پر اختلافات پیدا ہوئے تھے جس کے بعد ا±نہیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

Munir Akram, Pakistan, UNO

Related Articles

Back to top button