پاکستان

نیویارک میں ضمیر خان کے زیر اہتمام نعیم الحق مرحوم کےلئے فاتحہ خوانی و دعا

امریکہ میں بسنے والے تحریک انصاف کے ساتھی ان کی کمی ہمیشہ محسوس کریںگے اور ان کے لئے دعا رہیں گے

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے سینئر و سرگرم رہنما اور تحریک انصاف نیویارک کے صدر کے امیدوار ضمیر خان کے زیر اہتمام وزیر اعظم کے معاون خصوصی و پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے یہاں مسجد فیضان عائشہ میں قرآن ، فاتحہ خوانی اور دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی اور کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات اور ارکان اکرم مرزا، ملک امتیاز علی ، ظفرچیمہ ، چوہدری ظہور اختر ، سید المدار حسین شاہ ، ذاکر صدیقی (مسجد فیضان عائشہ ) ،فائق صدیقی ،ندیم وامق، ہمایوں شبیر، طاہر میاں ،وسیم سید اور شاہد رانجھا سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
اس موقع پر شرکاءنے نعیم الحق مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن و فاتحہ خوانی کی ۔ امام مسجد قاری سید عثمان شاہ گیلانی نے قرآن مجید کی تلاوت کی جبکہ شاہد چوہدری نے بار گاہ رسالت ﷺ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔
مسجد فیضان عائشہ کے خطیب پروفیسر محمد احمد اعوان نے خصوصی بیان کیا اور قرآن و حدیث کے احکامات و تعلیمات کی روشنی میں مرحومین کے لئے ایصال ثواب کی اہمیت و افادیت کے اہم پہلوو¿ں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ انسان دنیا سے اپنے اعمال کے ساتھ رخصت ہوتا ہے ۔دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بندے کے ایسے کام کہ صدقہ جاریہ کے زمرے میں آتے ہیں، اس کا ثواب اس کو مسلسل پہنچتا رہتا ہے اور دوسرا اس کے عزیز و اقارب کی جانب سے اس کے نام پر کئے جانے والے نیک کام اور روح کے ایصال ثواب کےلئے بارگاہ الٰہی میں پیش کی جانیوالی قرآن و فاتحہ خوآنی ،کا ثواب مرحوم کو بارگاہ الٰہی کے توسط سے پہنچتا ہے ۔ سات سمندر پار امریکہ میں نعیم الحق صاحب کی وفات کے بعد ان کے دوست احباب کی جانب سے ان کا یاد کرنا اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ و قرآن خوانی کرکے بارگاہ الٰہی میں پیش کرنا ، واضح کرتا ہے کہ نعیم الحق مرحوم ، خلق خدا سے محبت کرتے تھے جس کی گواہی بندوں نے انہیں یاد کرکے اور ان کے لئے قرآن و فاتحہ خوانی کرکے دی ۔اللہ تعالیٰ بہت غفور و رحیم ہیں ، وہ اپنی بارگاہ میں ایسے اعمال کو شرف قبولیت بخش کر ، بندے کی بخشش فرما دیتے ہیں ۔
تحریک انصاف نیویارک کے رہنما ضمیر خان نے کہا کہ اچھے انسان مرتے نہیں ، وہ دنیا سے جاتے ہیں ، ان کا نام ان کے اچھے کام ، ان کی محبت، خلوص اور ملنساری کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ نعیم الحق بھی ایسے ہی انسان تھے ۔ وہ اپنی خدمات کی وجہ سے ہمیشہ یاد رہیں گے اور کارکنوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔میں ان تمام ساتھیوں کا شکرگذار ہوں کہ جو ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی میں شریک ہوئے ۔
تحریک انصاف اوورسیز کی احتساب و ڈسپلن کمیٹی کے سینئر ممبر اکرم مرزا (ممبر SCADیو ایس اے)نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق ایک سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مشفق ، مخلص اور عاجز انسان بھی تھے ۔ میری ان کے ساتھ بہت یادیں وابستہ ہیں ۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے رہنما ضمیر خان خطاب کرتے ہوئے نعیم الحق کی وفات کو پارٹی ہی نہیں بلکہ ملک و قوم کا نقصان قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق کی وفات سے پاکستان ایک مدبر رہنما سے محروم ہو گیا ۔ انہوں نے ہمیشہ خلق خدا کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہا اور اسی مقصد کے لئے تحریک انصاف کا پلیٹ فارم منتخب کیا اور ہمیشہ پاکستان کے عوام کی بہتری کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے تھے ۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں ۔امریکہ میں بسنے والے تحریک انصاف کے ساتھی ان کی کمی ہمیشہ محسوس کریںگے اور ان کے لئے دعا رہیں گے ۔


تحریک انصاف یو ایس اے کے سابق چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی نے کہا کہ ہم نعیم الحق مرحوم کی ملک و قوم اور پارٹی کےلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان سے محبت اور عقیدت کا احترام اس وقت زیادہ کرنا چاہئیے کہ جب وہ کسی منصب پر فائز نہ ہو یا دنیا سے رخصت ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق نے اپنے خلوص اور محبت سے ہمیشہ محبتیں سمیٹیں جنہیں ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کےلئے ہمیشہ دعا گو رہیں گے۔
تحریک انصاف نیویارک کے سابق انفارمیشن سیکرٹری ظفرچیمہ نے کہا کہ امریکہ بھر میں پارٹی کے ساتھی نعیم الحق مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں۔ ہم پارٹی اور مرحوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
کمیونٹی رہنما اور مسجد فیضان عائشہ کے روح رواں ذاکر صدیقی نے خطاب کے دوران نعیم الحق مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور دعا کی ۔
انہوں نے شرکاءسے اپیل کی کہ وہ مسجد فیضان عائشہ کے پراجیکٹ میں اپنا ہر ممکن حصہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے گھر میں تعمیر میں فراخدلی سے حصہ ڈالیں ، اللہ تعالیٰ کی بار گاہ سے اجر عظیم ملے گا۔
آخر میں مسجد فیضان عائشہ کے خطیب و معروف سکالر پروفیسر محمد احمد اعوان نے نعیم الحق مرحوم کےلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ، ان کی مغفرت فرمائیں اور درجات بلند فرمائیں ۔

Related Articles

Back to top button