بین الاقوامی

ٹرمپ دوسری ٹرم کےلئے صدارتی امیدوار نامزد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پارٹی ”ریپبلکن پارٹی “ کی جانب سے باقاعدہ طور پر دوسری ٹرم کے لئے صدارتی امیدوار نامزد ہو گئے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نامزدگی کو قبول کرلیا

ہم رواں سال کے آخر تک یا شاید اس سے بھی پہلے کورونا وائرس کی ویکسین متعارف کروادیں گے اور ہم کورونا وائرس کو شکست دیں گے اور امریکہ کو عظیم بنائیں گے، ٹرمپ

نیویارک (محسن ظہیر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پارٹی ”ریپبلکن پارٹی “ کی جانب سے باقاعدہ طور پر دوسری ٹرم کے لئے صدارتی امیدوار نامزد ہو گئے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نامزدگی کو قبول کرلیا ہے۔اس سلسلے میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن کے چوتھے اور آخری روز خصوصی تقریب ہوئی جس میں 15سو سے زائد ریپبلکن پارٹی کے قائدین ، سپورٹرز اور ارکان کانگریس کو مدعو کیا گیا ۔ وائٹ ہاو¿س میں منعقدہ اس تقریب میں شرکاءکے لئے کورونا ٹیسٹ لازمی نہیں تھا اور اجتماع میں شرکاءکی بڑی تعدادنے نہ ماسک پہنے اور نہ ہی کم از کم چھ فٹ کے سماجی فاصلے کی پابندی کی ۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نامزدگی قبول کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کا شکرئیہ ادا کیا اور کہا کہ امریکہ کو عظیم بنانے کے لئے انہوں نے چار سال قبل جو کام شروع کیا تھا ، اسے نومبر میں دوبارہ منتخب ہو کر جاری رکھیں گے ۔انہوں نے اپنی پہلی ٹرم کی داخلی و خارجی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ میں ملک و قوم کی ترقی ممکن ہوئی ہے ۔انہوں نے اپنی صدارتی حریف جو بائیڈن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔
صدر ٹرمپ کے خطاب سے قبل صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ ، سابق مئیر نیویارک روڈی جولیانی سمیت پارٹی کے اہم شخصیات و قائدین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو قانون کی بالا دستی والا ملک بنانے اور اس کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے لازمی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بارصدر منتخب کیا جائے ۔کنونشن کے چوتھے روز صدر ٹرمپ کو ان کی بیٹی ایوانکا نے ہی متعارف کروایا اور خطاب کی دعوت دی ۔
صدر ٹرمپ اور سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن (ڈیموکریٹ) کے درمیان تین نومبر کو صدارتی الیکشن ہوگا جس میں فیصلہ ہوگا کہ امریکہ کا آئندہ صدر کون ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم رواں سال کے آخر تک یا شاید اس سے بھی پہلے کورونا وائرس کی ویکسین متعارف کروادیں گے اور ہم کورونا وائرس کو شکست دیں گے اور امریکہ کو عظیم بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ کی تاریخ کا سب سے اہم ترین الیکشن ہوگا۔ اس الیکشن میں سوشلسٹ ایجنڈا اور خوشحال معیشت پر مشتمل مستقبل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر بائیڈن کو موقع مل گیا تو وہ امریکی کے روزگار کے نظام کو تباہ کر دے گا۔ وہ ملک کی قیادت کے لئے اہل نہیں ہے ۔

Al-Rayaan Muslim Funeral Services

Related Articles

Back to top button